کراچی: گورنر ہاؤس کے باہر سندھ ایکشن کمیٹی نے میدان سجا لیا،سندھ کے جزیروں کو وفاق کے حوالے کرنے کے خلاف قوم پرست جماعتوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔
قوم پرست رہنماؤں کا احتجاج کے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سندھ جزیروں سے متعلق آرڈیننس واپس نہ لیا گیا تو احتجاج جاری رہے گا، جسقم کاسندھ ایکشن کمیٹی کے ہر اقدام کا ساتھ دینے کے عزم کا اظہار۔
جئے سندھ محاذ کے سربراہ ریاض چانڈیو نے کہا کہ ہم سمجھتے تھے تبدیلی آئی ہے اب انصاف ہوگا،تبدیلی نے آکر کراچی کے قریب جزیروں پر ہی قبضہ کرلیا، اس کھیل میں پیپلزپارٹی بھی وفاق کے ساتھ شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام آصف علی زرداری کو معاف نہیں کریں گے، جس عمل کو پارلیمنٹ نے مسترد کردیا وہ کیسے جائز ہوسکتا ہے،وفاقی حکومت سندھ کے جزیروں سے متعلق آرڈیننس واپس لے۔
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے رہنماء سید زین شاہ نے کہا کہ آئی لینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے سندھ بلوچستان کے وسائل پر قبضہ کیا گیا ہے،کیا سندھ اور بلوچستان مفتوحہ علاقے ہیں،آئین سے متصادم آرڈیننس کسی صورت قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ وفاق میں اس لئے شامل نہیں ہوا کہ اس کے وسائل پہ قبضہ کرلیا جائے، مشرف، زرداری، نواز شریف اور عمران خان نے سندھ کے سمندر فروخت کردئیے ہیں، ہمیں سندھ کے وسائل کی فروخت منظور نہیں ہے۔قرارداد پاکستان کے برخلاف اقدامات کئے جارہے ہیں۔