اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) نے کیپٹن (ر) صفدر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق کردی، کیپٹن صفدر کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا ہے۔
کیپٹن (ر) صفدر کی اہلیہ مریم نواز گلگت بلتستان میں ن لیگ کی انتخابی مہم میں زور و شور سے شریک اور جلسوں اور دیگر سیاسی سرگرمیوں مں مصروف ہیں۔
مریم نواز کے ہمراہ کیپٹن (ر) صفدر بھی گلگت بلتستان میں موجود تھے جہاں کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں انتخابی مہم ترک کرکے لاہور آنا پڑا۔
شریف میڈیکل سٹی میں زیرِ علاج کیپٹن صفدر کے پھیپھڑے کورونا وائرس کے باعث متاثر ہوئے جبکہ پارٹی قیادت نے کیپٹن صفدر کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل سینئر پیپلز پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ کا کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آگیا جبکہ سندھ حکومت نے ان کی جلد صحتیابی کیلئے دُعا کی۔
ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات سندھ سیّد ناصر حسین شاہ نے قمر زمان کائرہ کو پیپلز پارٹی کا اثاثہ اور اپنا سینئر رہنما قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ گلگت بلتستان کی سنگلاخ چٹانوں پر عوام کو پیپلز پارٹی کا پیغام دے رہے تھے۔
مزید پڑھیں: قمر زمان کائرہ کورونا کا شکار، سندھ حکومت جلد صحتیابی کیلئے دُعا گو