اسلام آباد: پاکستان نے ویانا میں دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے مرکزی علاقے میں دہشت گردوں کے ظالمانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہے۔
پیغام میں ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پیر کی شب دہشت گردوں کے حملے میں ہونے والے قیمتی جانوں کے نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر شدید تشویش ہے۔ ہماری ہمدردیاں دہشت گردی میں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
ترجمان دفترِ خارجہ نے ویانا دہشت گردی میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کی دُعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردی کی ہر تعریف اور قسم کے حوالے سے اس کی ایک بار پھر شدید مذمت کرتے ہیں۔
#Pakistan reiterates its condemnation of terrorism in all its forms and manifestations. 2/2
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 3, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں عبادت گاہ کے قریب فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ 15 زخمی ہو گئے ہیں۔
ویانا پولیس نے دہشت گردی سے متاثرہ علاقے کو گھیرے میں لے لیا، سیکیورٹی فورسز نے بھی دہشت گردوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 1 حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔
مزید پڑھیں: ویانا میں عبادت گاہ کے قریب فائرنگ، 7 افراد ہلاک، 15 زخمی