ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، آرمی چیف

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

آرمی چیف کا ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ، پی اے ایف کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا
آرمی چیف کا ائیر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ، پی اے ایف کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا

پشاور: سپہ سالارجنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ 27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر دشمن نے ایک بار پھر اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لئے مدرسہ کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا۔

آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق اپر دیر مالاکنڈ ڈویژن کے دورے کے موقعے پر سپہ سالار نے کہا کہ کل بھی پور ی قوم نے دہشت گردوں کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے بے مثال یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا اور آج بھی ہم اُس جذبے کے تحت ایک ہیں۔ ہمارا دکھ کل بھی مشترک تھا۔دشمن آج بھی وہی ہے کل بھی قوم نے دُشمن کو مسترد کیا اور دہشت گرد نظریے کو شکست دی۔

آرمی چیف کی آمد کے موقعے پر کور کمانڈر پشاور کور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے آرمی ان کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر آرمی چیف کو Stabilization Operatons اور بارڈر مینجمنٹ پر بریفنگ دی گئی۔

سپہ سالار نے سنگلاخ اور دشوار گزار علاقے میں بارڈر فینسنگ پر ٹروپس کی کارکردگی کو سراہا۔ سرحدوں کی حفاظت اور بارڈر مینجمنٹ سسٹم پاکستان کے امن کے عزم کی حقیقی عکاس ہیں۔

آرمی چیف نے جوانوں کو علاقے میں امن کے قیام کیلئے کی گئی کوششوں پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے شر پسند عناصر کی جانب سے حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں جوانوں کو چوکنا رہنے کی ہدایت کی۔

سپہ سالارنے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں مدرسہ دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں اور دیگر افراد کی عیادت بھی کی اور اُن کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ 16 دسمبر 2014ء کو اے پی ایس پشاور میں معصوم بچوں کو ٹارگٹ کیا گیا۔27 اکتوبر یوم سیاہ کشمیر کے موقعے پر دشمن نے ایک بار پھر اپنی سیاہ تاریخ اور مذموم عزائم کو دوبارہ پروان چڑھانے کے لئے مدرسہ کے معصوم بچوں کو خون میں نہلا دیا۔ان بچوں میں افغان مہاجرین کے بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ میں یکجہتی اور عزم کا اظہار کرنے کے لئے خاص طور پر مدرسے کے ان بچوں، اساتذہ اور خاندانوں کا دُکھ بانٹنے آیا ہوں۔اُس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرکردار تک نہ پہنچائیں۔ افغانستان اور پاکستا ن دونوں نے پچھلی دو دہائیوں میں دہشت گردی کا سامنا کیا ہے۔

پاکستان نے مہاجرین بھائیوں کیلئے اپنے دِل اور دروازے کھول دیے۔ہم ہمیشہ افغان بھائیوں کے دُکھ اور سکھ میں شریک ہیں۔ افغانستان اور پاکستان کا امن ایک دوسرے سے جُڑا ہے۔

سپہ سالار نے کہا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ اُن کا نظریہ دہشت پھیلانا اور معاشرے میں خوف کی فضاپیدا کرنا ہے۔مدرسے پر حملہ دراصل اسلام دُشمنی ہے۔مدرسہ، منبر، مساجد، امام بارگاہیں، گرجا، مندر، تعلیمی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ معصوم شہری ان کا نشانہ ہیں۔

آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور اس کیلئے بھرپور تعاون کرتا رہے گا۔پاکستان میں موجود افغان مہاجرین بھائیوں کو بھی اس سلسلے میں ایسی دُشمن قوتوں سے چوکنا اور دور رہنا ہو گا تاکہ وہ دانستگی اور نادانستگی میں دہشت گرد کارروائیوں میں استعمال نہ ہو سکیں۔

Related Posts