کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ نے پری انجینئرنگ (سائنس) گروپ کے سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق کامیاب طلباء کا تناسب 99 فیصد سے زائد رہا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرمیڈیٹ بورڈ نے کراچی میں پری انجینئرنگ کے امتحانی نتائج کا اعلان کیا ہے جہاں کامیابی کا تناسب 99 اعشاریہ 86 فیصد رہا۔ مجموعی طور پر سالانہ امتحانات 2020ء میں 32 ہزار 653 امیدوار رجسٹر ہوئے۔
رجسٹر کیے گئے 32 ہزار 653 امیدواروں میں سے 32 ہزار 606 امیدوار کامیاب جبکہ صرف47 امیدوار ناکام رہے، جو امیدواروں کی مجموعی تعداد کا اعشاریہ 14 فیصد بنتے ہیں جبکہ رواں برس کورونا وائرس کے باعث امتحانات منعقد نہ ہوسکے۔
وائرس اور لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی سلسلہ گزشتہ چند ماہ سے بند رہا جس کے باعث امتحانات نہیں ہوئے، سرکاری پالیسی کے مطابق طلباء کو 11ویں جماعت کے نمبروں کے اعتبار سے 12ویں جماعت میں بھی نمبر دے کر پروموٹ کیا گیا۔
مجموعی طور پر 1 ہزار 72 امیدوار اے 1 گریڈ، 2 ہزار 256 اے گریڈ، 3 ہزار 494 بی گریڈ، 4 ہزار 566 سی گریڈ، 11 ہزار 673 ڈی گریڈ اور 9 ہزار 503 ای گریڈ کے تحت کامیاب قرار دے دئیے گئے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل شہرِ قائد میں تعلیمی بورڈ نے میٹرک سائنس کے نتائج کا اعلان کردیا جس کے مطابق 99 اعشاریہ 8 فیصد طلباء و طالبات کامیاب رہے۔
شہرِ قائد کے میٹرک بورڈ نے سائنس گروپ کے نتائج کا اعلان کیا جبکہ امتحان میں 1 لاکھ 68 ہزار 880 طلباء نے کامیابی حاصل کی۔ ملک بھر کے تعلیمی بورڈز میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن کا اعلان نہیں کیاجائے گا۔
مزید پڑھیں: کراچی میں میٹرک سائنس کے 99 اعشاریہ 8 فیصد طلباء کامیاب