راولپنڈی میں خواتین کا ڈبل وکٹ کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جس میں ملک بھر سے 26 ٹیموں کی خواتین کھلاڑی شریک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس (یس) ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں آل پاکستان ویمن ڈبل وکٹ کرکٹ کپ کا افتتاح ڈی سی راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے کیا۔
آل پاکستان ویمن کرکٹ کپ کی افتتاحی تقریب میں کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ پروین، ڈی او سپورٹس شمس توحید عباسی، پروفیسر مریم، شفقت نیازی اور دیگر موجود تھے۔ ٹونامنٹ میں ملک کے مختلف شہروں سے ٹیمیں شریک ہیں۔
ٹورنامنٹ میں راولپنڈی، اسلام آباد، کراچی، لاہور، بہاولپور، مردان، صوابی، ایبٹ آباد اور کوٹلی (آزاد کشمیر) سمیت مختلف شہروں سے ٹیمیں شریک ہوئیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز 13 ڈبل وکٹ میچز کے فیصلے ہوئے۔
اِس موقعے پر ڈی سی راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن موجودہ حالات میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے ملک بھر میں کھیلوں کے فروغ اور خصوصاً ویمن اسپورٹس کیلئے قومی سطح پر شاندار خدمات انجام دینے پر یوتھ ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سوسائٹی کی کاوشوں کو سراہا۔