کراچی، پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے گیس کی قلت اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا،احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی سینئر رہنما وقار مہدی نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کو گیس سے محروم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس کی پیداوار کے باوجود سوئی گیس سے محروم ہے،کے الیکٹرک بجلی فراہم نہیں کررہی ہے۔ کراچی کے لوگ گیس سے محروم ہے ہیں۔
سیکریٹری جنرل پیپلزپارٹی سندھ وقارمہدی نے اعلان کیا کہ اگر گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گئی تو سوئی گیس اور کے الیکٹرک ہیڈآفس پر دھرنے دیں گے۔
جاوید ناگوری نے مظاہرین سے خطاب کے دوران کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے کراچی کے لوگ اذیت میں ہیں،بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف یہ تحریک کراچی بھر میں پھیل جائے گی۔
شہلارضا نے کہا کہ آٹا چینی بجلی گیس کا بحران،دواؤں کا بحران،حکومت ناکام ہوگئی ہے،وزیراعظم ملک کو بحران میں مبتلا کرنے پر اپنانام عمران نیازی کی بجائے بحران خان رکھ لیں۔انہوں نے کہا کہ دوسال میں تو بچہ بھی چلنا شروع کردیتا ہے مگر موجودہ حکومت ابھی تک مسائل کے حل میں ناکام ہے۔
احتجاجی مظاہرے سے صوبائی وزیر سعید غنی نے بھی خطاب کیا، اس دوران انہوں نے کہا کہ کراچی میں سوئی گیس کی فراہمی بری طرح متاثر ہے، گیس کی قلت کا بہانہ بنا کر کے الیکٹرک نے 15 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ شروع کردی ہے۔
لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کراچی میں صنعتوں کا پہیہ جام ہوگیا ہے،گیس کی 70 فیصد پیداوار دینے والے سندھ کو گیس سے محروم کرنا آئین کی خلاف ورزی اور کھلی ناانصافی ہے، دشمن وفاقی حکومت سندھ کے آئینی حقوق غصب کررہی ہے۔
وزیراعظم نے سندھ میں بارش متاثرین کو نظرانداز نہیں کیا اپنے حلقے کے بارش متاثرین کو بھی نظرانداز کردیا،حکومت کو اپنے لوگ فرشتے اور مخالفین کرپٹ دکھائی دیتے ہیں،موجودہ حکومت نے قرض لینے میں پچھلی حکومتوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،حکومت گیس کی قیمت بڑھانے کے باوجود عوام کو سہولت فراہم کرنے میں ناکام ہے۔