اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق صدرِ مملکت اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی 3 ضمنی ریفرنسز خارج کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق 3 ضمنی ریفرنسز خارج کرنے کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ احتساب عدالت کے معزز جج اعظم خان نے آج سنایا جبکہ سابق صدر نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ منی لانڈرنگ، پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز خارج کیے جائیں۔
محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے سابق صدر کا یہ مؤقف مسترد کردیا کہ نیب آرڈیننس کے تحت ضمنی ریفرنس دائر کرنا غیر قانونی ہے۔اس لیے تینوں ریفرنسز خارج کیے جائیں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ تینوں ریفرنسز پر سماعت جاری رہے گی۔
تینوں ریفرنسز میں نامزد ملزمان کو عدالت نے 5 روز بعد طلب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست خارج کردی۔ آئندہ سماعت 28 ستمبر کو ہوگی۔
دوسری جانب سابق صدر آصف علی زرداری کی ضمانت کیلئے دی گئی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی۔ جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی ججز بینچ نے درخواست کی سماعت کی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی طرف سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ سابق صدر آصف زرداری کے وارنٹ برائے گرفتاری ابھی تیار نہیں ہوئے، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر آپ تازہ کمنٹس دینا چاہیں تو دے سکتے ہیں۔
بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی عبوری ضمانت میں 15 اکتوبر تک توسیع منظور کرتے ہوئے سماعت کو مقررہ تاریخ تک ملتوی کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: حالات سے نہیں ڈرتے، جمہوریت پر یقین ہے۔آصف زرداری