پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے کو مارول اسٹوڈیوز کی طرف سے پہلی مسلم خاتون سپر ہیرو کے مرکزی کردار کے ساتھ ایک ٹی وی سیریز کیلئے ہدایت کار (ڈائریکٹر) منتخب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہدایت کارہ شرمین عبید چنائے کو کمالہ خان نامی سپر ہیرو کے گرد گھومتی ہوئ ٹی وی سیریز کیلئے منتخب کیا گیا جو مارول اسٹوڈیوز کی پروڈکشن ہوگی۔ شرمین عبید چنائے کے ساتھ ساتھ بلال فلاح، عدیل العربی اور بھارتی نژاد امریکی خاتون میرامینن بھی مشترکہ ہدایت کار کے فرائض سرانجام دیں گے۔
ڈزنی پلس پر 2 سال بعد پیش کی جانے والی ٹی وی سیریز میں 2014ء میں مارول ایڈیٹر اور ہدایت کار ثناء امانت کے تخلیق کردہ مس مارول کو مرکزی کردار کا درجہ دیا گیا ہے جو 16 سالہ پاکستانی نژاد امریکی مسلم لڑکی ہے۔ لڑکی کا نام کمالہ خان رکھا گیا ہے جو امریکہ کی رہائشی دِکھائی جائے گی۔
مارول سیریز کے دیگر کرداروں کی طرح کمالہ خان بھی اہم صلاحیت کی حامل ہے۔ وہ اپنی صورت و شکل اور رنگ و روپ تبدیل کرسکتی ہے۔ مارول سیریز میں یہ ایک ایسا کردار ہوگا جس پر کامک بک سیریز بھی بنائ جاچکی ہے۔ بک سیریز میں یہ کہانی پہلے ہی ایوارڈ یافتہ ہے۔
سن 2015ء میں بہترین گرافک اسٹوری کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والا کمالہ خان کا کردار پہلے پہل آزمائش کیلئے ٹی وی سیریز میں پیش کیاجارہا ہے جو بعد ازاں سینما اسکرین کی زینت بھی بنایاجاسکتا ہے۔ کمالہ خان کے کردار کیلئے پاکستانی نژاد امریکی نوجوان لڑکی کی تلاش جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عفت عمر سے متنازعہ بیان کی اُمید نہیں تھی۔مشی خان