گوادر: پاکستان کوسٹ گارڈز کی ملک دشمن عناصر اور اسمگلرز کے خلاف کارروائی جاری ہے جس کے دوران ایک بین الاقوامی اسمگلر کو بیٹے سمیت عدالت کے احاطے سے گرفتار کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز نے کہا کہ کوسٹ گارڈز نے اپنی ذمہ داری کے علاقے میں غیر قانونی کاروبار اور منشیات کو اسمگل کرنے والوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ کوسٹ گارڈز کے جوانوں نے بین الاقوامی اسمبلر جان محمد عرف جعفر اور اس کے بیٹے قمبر کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کے مطابق دونوں ملزمان کو گوادر میں احاطۂ عدالت سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان بین الاقوامی سطح پر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں اور مختلف کیسز میں کوسٹ گارڈز کو مطلوب تھے۔ ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے لاکھوں روپے مالیت کا غیر قانونی سامان برآمد کر لیا۔
کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف مختلف کارروائیاں کیں جن کی رپورٹ 7 روز قبل جاری کی گئی۔ پہلی کارروائی میں بلوچستان کے شہر وندر کے قریب ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر مختلف چھاپوں میں غیر قانونی طریقے سے چھپایا گیا 2 لاکھ 27 ہزار 350 لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: کوسٹ گارڈز نے 6 ملزمان گرفتارکر لیے، غیر قانونی سامان برآمد