اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سرِ عام پھانسی پر گول مول بیان دیا جس پر تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے انہیں خاموش رہنے کا مشورہ دے دیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے پنجابی میں کہا کہ فواد بھائی آپ ایسا کریں کہ سرِ عام پھانسی کی سزا دینے یا نہ دینے کے معاملے میں خاموشی ہی اختیار کر لیں۔
پیغام میں رکنِ اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ اگر آپ خاموش رہیں تو آپ کی مہربانی ہوگی ، تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر ہونے کی حیثیت سے آپ ہمارے بھائی ہیں تو پھر بھائی ہی رہیں۔
قبل ازیں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سرِ عام پھانسی کے معاملے پر عوام کے غصے کو جائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ سرِ عام پھانسی کا مطالبہ بھی لوگوں کے غصے کا اظہار ہے۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان سب سے زیادہ سزائے موت دینے والے ممالک میں شامل ہے اور موت کے سزا یافتہ افراد میں دُنیا کے پہلے نمبر پر ہے۔
وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سوال اٹھایا کہ یورپ کے ممالک میں پھانسی ہے ہی نہیں، اِس کے باوجود جرائم کی شرح وہاں پاکستان کے مقابلے میں زیادہ کیوں نہیں؟
فواد بھائی تسی اینج کرو کہ اس معاملے وچ خموش رہو تواڈی وڈی مہربانی ہوگی پرا!! تسی پائی ہو تے فر پائی رہو https://t.co/V7gl0xKzPd
— Aamir Liaquat Husain (@AamirLiaquat) September 10, 2020
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف کے رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے سرِ عام سزائے موت کی قرارداد کو قانون بنانے کی تائید کی۔
ٹوئٹر پر 3 روز قبل اپنے پیغام میں رکنِ قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین نے کہا کہ میں نے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان سے درخواست کی کہ کراچی میں 5 سالہ بچی مروہ کے قاتل کی گرفتاری کے بعد صرف سزائے موت ناکافی ہے۔
مزید پڑھیں: وزیرِ اعظم نے سرِ عام سزائے موت کی تائید کی۔عامر لیاقت