کراچی میں کے الیکٹرک کا نظام ہیکرز کے ہتھے چڑھ گیا جن کا مطالبہ ہے کہ اگر یہ نظام واپس اُسی طرح فعال چاہئے تو ہم سے ڈارک ویب کے ذریعے رابطہ کریں۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے ہی کے الیکٹرک کا بلنگ کا سسٹم ہیکرز کے ہتھے چڑھنے کے بعد مکمل طور پر بند ہے جس سے صارفین کی مشکلات میں بے حد اضافہ ہوا ہے۔ عوام کو بل وقت پر موصول نہیں ہوسکیں گے۔
کے الیکٹرک کے تحت کراچی کے مختلف علاقوں میں بل جاری کرنا ناممکن ہوگیا جس کی شکایت گزشتہ روز ہی کے الیکٹرک نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو کردی تھی۔
فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے شعبۂ سائبر کرائم نے کے الیکٹرک ہیکنگ کیس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہیکرز نے کے الیکٹرک کے آئی ٹی سسٹم پر سائبر حملہ کیا جس سے نظام بندش کا شکار ہے۔
سائبر کرائم سرکل کے الیکٹرک کی ہیکنگ کے کیس پر تحقیقات کر رہا ہے۔ ہیکنگ کے باعث کے الیکٹرک میں اندرونی روابط، بینکوں سے رابطے اور بلنگ سمیت دیگر متعدد ویب سائٹس ہیکرز کے کنٹرول میں ہیں۔
شہرِ قائد میں بلنگ کے ساتھ ساتھ کے الیکٹرک کے دیگر کام بھی ہیکرز کے اِس حملے سے شدید متاثر ہوئے۔ ہیکرز کے حملے کا آج دوسرا دن ہے جس کے دوران ہیکرز نے ڈارک ویب کے ذریعے رابطے کا مطالبہ کیا۔
ہیکرز نے کے الیکٹرک کے سسٹم میں ڈارک ویب سے رابطے کا پیغام ایک ایکسل شیٹ کے ذریعے بھیجا جس میں ہیک کیے گئے نظام کی دوبارہ بحالی کیلئے ڈارک ویب سے رابطے کو ضروری قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: لوڈشیڈنگ پر سپریم کورٹ نے کے الیکٹرک کی رپورٹ مسترد کردی