اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے ایگزیکٹو آفیسر نے کرپشن بے نقاب کرنے پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے انتقامی کارروائی کی ہے، ادارے کے ملازم کے گھر پر حملہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) اور ایف آئی اے میں کرپٹ افسران کی بدعنوانی بے نقا ب کرنے والے آئیسکو ملازم کے گھر پر دھاوا بول کر زبردستی گھر سے بے دخل کرنے کی کوشش کی گئی۔ اعلیٰ افسر کی ایماء پر غنڈے نے ملازم کے اہلِ خانہ کو زدوکوب کیا۔
علی وقاص نامی غنڈہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اہلِ خانہ پر دباؤ ڈالتا رہا کہ وہ نیب اور ایف آئی اے کو دی گئی درخواستیں واپس لے لیں۔ آئیسکو کے سی ای او شاہد اقبال چوہدری سمیت ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس زبیر خان بھی کرپٹ گینگ کو بچانے کیلئے کھل کر سامنے آ گئے۔
بد ترین کرپشن کو بے نقاب کرنے والے میٹر ریڈنگ سپر وائزر منظور شاہ اربوں کی بدعنوانی کا پول کھولنے کے بعد رواں برس مارچ کو ریٹائر ہوئے جن کا بیٹا آئیسکو میں ملازم ہے۔ ان کی سرکاری رہائش گاہ غیر قانونی طریقے سے خالی کروانے کیلئے ڈپٹی میجر ای آر پی اور علی وقاص نامی غنڈے کو بھیجا گیا۔
گھر خالی کروانے کی کارروائی کے خلاف حکمِ امتناعی پہلے سے موجود تھا لیکن علی وقاص نے آئیسکو ملازم منظور کے اہلِ خانہ کو اس وقت ڈرایا دھمکایا جب آئیسکو ملازم ہسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا تھا، تاہم کرپٹ افسران نے سرکاری گھر کی بجلی، گیس اور پانی کے میٹر ماہِ محرم میں کاٹ کر کربلا کی یاد تازہ کردی۔
متاثرہ ملازمین نے جب اپنے محکمے کے افسران سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی کرپٹ عناصر کا ساتھ دیتے ہوئے کوئی مدد نہ کی۔ توہینِ عدالت کے خلاف درخواست دے دی گئی ہے جس پر ترجمان آئیسکو عاصم راجہ سے رابطہ کیا گیا۔ انہوں نے جواب دینے کی بجائے چشم پوشی اختیار کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بوگس میٹر اسکینڈل، آئیسکو چیف کے پسِ پردہ حقائق سامنے آگئے