نئی دہلی:بھارت میں کورونا کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، مودی حکومت کورونا کی روک تھام میں ناکام نظر آرہی ہے، اسی باعث بھارت دنیا بھر میں سب سے زیادہ کورونا کیسز والے ممالک میں دوسرے نمبر پر آگیا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے جس کے بعد بھارت نے دنیا میں دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے ملک برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارت میں کورونا کے روزانہ ریکارڈ 90 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہورہے ہیں جس کے باعث مجموعی کیسز کی تعداد 42 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔بھارتی وزارت صحت کے مطابق ملک میں دوسرے روز مسلسل 90 ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو دنیا بھر میں ایک روز میں رپورٹ ہونے والے سب سے زیادہ کیسز ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا سے 1016 افراد ہلاک ہوئے۔بھارت میں اس وقت کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد 8 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے اور 32 لاکھ سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 71 ہزار 600 سے زائد افراد اب تک کورونا سے ہلاک بھی ہوئے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کاکہنا ہے کہ بھارت میں مسلسل ہر گزرتے دن کے ساتھ کورونا کے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا، آندھرا پردیش، تامل ناڈو، کرناٹکا اور اترپردیش کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔