سان فرانسسکو: آئی فون بنانے والی ایپل 2000 ارب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو حاصل کرنے والی پہلی امریکی کمپنی بن گئی ہے جبکہ یہ سنگِ میل عبور کرنے میں ایپل کو 44 سال لگ گئے۔
دو برس قبل یعنی مارچ 2018ء میں ہی ایپل نے دنیا کی پہلی ٹریلین ڈالر (1000 ارب ڈالر) کی مارکیٹ ویلیو حاصل کرنے والی کمپنی کا اعزاز حصل کیا تھا جبکہ گزشتہ روز 2 ہزار ارب ڈالر کی مارکیٹ ویلیو حاصل کرنے سے قبل اس کے شیئرز کی قیمت 467.77 ڈالر تک جا پہنچی۔
مارکیٹ ویلیو کے اعتبار سے دیگر اہم کمپنیاں ایمازون، مائیکروسافٹ اور گوگل کی ایلفابٹ ہیں جو مارکیٹ ویلیو میں 1 ہزار ارب ڈالر سے زائد کی سطح پر کام کر رہی ہیں۔ ایپل کے علاوہ 2 ہزار ارب کی مارکیٹ ویلیو سعودی آرامکو کی سرکاری کمپنی نے حاصل کیے ہیں۔
پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کی نیٹ ورتھ 1 ارب ڈالر تک جا پہنچی۔ امریکہ میں دوسری اہم ترین کمپنی ایمازون سمجھی جارہی ہے جس کی مارکیٹ ویلیو 1 اعشاریہ 7 ہزار ارب ہے۔ رواں برس کے دوران آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل کے شیئرز کی قیمت میں 50 فیصد سے بھی زائد اضافہ ہوا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل عالمی رینکنگ کے ادارے ورلڈ انڈیکس نے مالی کارکردگی کے لحاظ سے دُنیا کی اہم ترین کمپنیوں کی لسٹ جاری کردی جس میں ایمازون، ایپل اور مائیکروسافٹ سرِ فہرست رہے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر رینکنگ کے ادارے ورلڈ انڈیکس نے گزشتہ ماہ ایک فہرست جاری کی جس کے مطابق آن لائن مارکیٹ اور خریدوفروخت کی ویب سائٹ ایمازون 4 کھرب 15 ارب 85 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی قدر کے ساتھ دنیا کی سب سے اہم کمپنی ہے۔
مزید پڑھیں: دنیا کی اہم ترین کمپنیوں کی لسٹ میں ایمازون اور ایپل سرِ فہرست