راولپنڈی میں شہریوں نے فحاشی کے اڈے اور شراب فروشی کے خلاف شدید احتجاج کیا جس کے دوران بدنامِ زمانہ فیاض عرف بیلی آرائیں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے موضع بھوبت پور میں فیاض عرف بیلی کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں نثار احمد، ساجد سلیم، شمشاد بی بی اور اقبال بی بی نے مظاہرے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیاض عرف بیلی عرصۂ دراز سے اِس علاقے میں فحاشی کا اڈہ چلا رہا ہے اور شراب فروخت کرتا ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ چند روز قبل پولیس چوکی اڈا ذخیرہ نے فیاض کے اڈے پر چھاپہ مارا جہاں سے ایک مرد اور عورت فرار ہو گئے۔ فیاض بیلی 20 لٹر شراب سمیت پکڑا گیا۔ پہلے بھی کہروڑ پکا میں اس کے خلاف مقدمات درج تھے لیکن اب دوبارہ اس نے فحاشی کا اڈہ اور شراب فروشی شروع کردی ہے۔
شہریوں نے کہا کہ رات کے وقت جرائم پیشہ لوگ فیاض کے گھر کے باہر اور اندر موجود ہوتے ہیں۔ شراب نوشی، شور شرابہ اور فائرنگ کی جاتی ہے۔ ملزم کی سرپرستی چند سیاست دان اور پولیس ملازم کرتے ہیں۔ پہلے بھی پولیس نے کارروائی کی مگر بعد ازاں خاموشی چھا گئی۔ اب یہ بدنامِ زمانہ ملزم بغیر خوف کے کام جاری رکھے ہوئے ہے۔
عوام بشمول عمران، الطاف، عمران قیام، عامر ارشاد، ظفر اقبال اور دیگر نے آئی جی پنجاب اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ راولپنڈی میں فحاشی کا اڈہ بند کروایا جائے اور بدنامِ زمانہ فیاض عرف بیلی اور دیگر کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ نوجوان نسل برائی سے بچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: پولیس کی فائرنگ کے باعث 1 معصوم شہری جاں بحق، دوسرا زخمی