سرینگر :مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنماؤں اور تنظیموں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کشمیری عوام کا ساتھ دیں۔
ایک بیان میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے کہا کہ ہندوستان نے اس مقدس تہوار کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے جبکہ نماز عید پر پہلے ہی پابندی عائد ہے جبکہ مساجد اور مزارات کو بند کردیا گیا ہے۔
ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق کی زیرقیادت حریت فورم نے عید کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام پر زور دیا کہ وہ 5 اگست کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔ انہوں نے کہا ہےکہ گذشتہ سال 5 اگست کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرکے کشمیریوں کو فوجی محاصرے میں رکھا ہوا ہے۔
دریں اثناء گزشتہ روز پلوامہ کے علاقے ڈوبگام میں ایک حملے میں ایک بھارتی فوجی شدید زخمی ہونے کے بعد بھارتی فوجیوں نے رہائشی مکانوں میں گھس کر کشمیریوں پر حملہ کیا اور گھریلو سامان لوٹ لیا۔
مزید پڑھیں:کشمیر کامسئلہ صرف اظہار یکجہتی سے ہی حل نہیں ہوگا، ڈاکٹر جمیل احمد خان