بلدیہ شرقی نے بلیک لسٹ کمپنی کو ریلیف دیتے ہوئے 2 کروڑ وصول کرنے کی بجائے وصولی کیلئے مزید مدت کی چھوٹ دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آؤٹ ڈور اشتہارات کے ٹھیکے کی میعاد ختم ہوجانے کے باوجود بلدیہ شرقی نے ایف جے انٹر پرائز کو وصولیوں کی کھلی چھوٹ دے دی۔ ایک سال کا ٹھیکہ مکمل ہونے کے باوجود ٹھیکے کی مجموعی رقم 4 کروڑ 80 لاکھ روپے میں سے 2 کروڑ 80 لاکھ کی ادائیگی کی گئی۔
اب تک 2 کروڑ کے واجبات کے باوجود چیئر مین بلدیہ شریق معید انور نے ٹھیکہ ختم کرنے اور واجبات وصول کرنے کے بجائے 3 ماہ مزید چھوٹ دینے پر اصرار کیا جس میں ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ متحرک ہیں اور ایم سی بھی راضی ہو گئے جبکہ ٹھیکہ دیتے وقت بھی اُس اعلیٰ افسران نے بلیک لسٹ شخص کو ریلیف دیا۔
قبل ازیں اُس وقت کے ڈائریکٹر ، ایم سی اور چیئر مین نے مل کر ایسے شخص کو ٹھیکہ دیا جو بلدیہ وسطی میں ایم ایف کیو کے نام سے کمپنی بنا کر ٹریڈ لائسنس کے ٹھیکے کی مد میں 2 کروڑ کے واجبات لے کر بھاگ گیا۔ جواد نامی شخص اور اس کے ساتھیوں کو افسران کی سرپرستی کے باعث چیئر مین ڈی ایم سی ایسٹ نے بھی ٹھیکہ دے دیا۔
بلدیہ وسطی میں بلیک لسٹ قرار دیے گئے شخص کو ایک سال قبل ٹھیکہ دیا گیا اور اب اسے مزید 3 ماہ کی مدت دینے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ ضلع شرقی کے رہائشیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیکریٹری بلدیات اس کھیل میں چیئرمین بلدیہ شرقی کا ساتھ دینے والے افسران کے خلاف سخت ایکشن لیں اور مداخلت کر کے ٹھیکیدار سے نہ صرف واجبات وصول کیے جائیں بلکہ اس کمپنی میں شامل تمام افراد کو بلیک لسٹ کیا جائے۔