اسلام آباد:اسلام آباد ایف آئی اے نے انسانی سمگلروں کے خلاف کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایجنٹ محمد زاہد اور محمد یوسف کو گرفتار کر لیا ہے،ملزمان ایف آئی آر نمبر 244 /2020 میں نامزد تھے ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج 06-03-2020 کو کیا گیا تھا۔
ملزمان نے دو خاندانوں سے 10 لاکھ روپے لیے تھے،سعودی عرب عمرہ پر بھجوانے کے لیے ملزمان نے دونوں متاثرہ خاندانوں کو نہ ہی پاسپورٹ اور نہ ہی پیسے واپس کیے۔متاثرہ فیملی نے تنگ آکر فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی کے ہیومن اسمگلر تھانہ سے رابطہ کیا اور درخواست دی۔
ایف آئی اے نے درخواست وصول ہونے کے بعد ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی تھی،جبکہ ملزمان روپوش ہوچکے تھے،آج ملزمان کے خلاف خفیہ اطلاع پر ایف آئی اے اسلام آباد نے ترلائی کلاں اور دھمیال میں کارروائی کرکے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،ملزمان سے پاسپورٹ اور لی گئی رقم کی ریکوری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں جبکہ مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے،متاثرہ خاندانوں نے ملزمان کی گرفتاری پر اطمینان کا اظہار کیا ہے،دونوں ملزمان کو ایف آئی اے سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔