لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج بلوچستان کے دورے کے دوران انتہائی مصروف دن گزارا، وزیر اعلی عثمان بزدار نے کوئٹہ میں تحریک انصاف کے عہدیداروں سے ملاقات کی، بعد ازاں وزیر اعلی عثمان بزدار گورنر ہاؤس بلوچستان گئے اور گورنر پلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی سے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پشین اور لورالائی کا بھی دورہ کیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی پشین کے دورے کے دوران وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے ہمراہ تھے،وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کوئٹہ سے پشین پہنچے،وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے پشین میں قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے پشین میں قبائلی عمائدین سے خطاب کے دوران بلوچستان کے عوام کیلئے بڑا اعلان کیا،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی جانب سے تربت میں 100 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے قیام کا اعلان کیا اور دونوں منصوبوں کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کو ایک ارب روپے کا چیک دیا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ حکومت پنجاب تربت میں 100بیڈ کا ہسپتال تعمیر کرے گی جبکہ تفتان میں زائرین کیلئے کمیونٹی سینٹربھی بنائیں گے،تربت کا ہسپتال اور تفتان کا کمیونٹی سینٹر صوبائی ہم آہنگی اورباہمی محبت کا نشان بنے گا،ہم ایک ہیں اورایک رہیں گے،نفرتیں پھیلانے والے ناکام رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم خالی نعرے نہیں لگاتے بلکہ عملی طور پر کام کر کے دکھاتے ہیں، بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے -بلوچستان آکر کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہو تا، آئندہ بھی بلوچستان آؤں گا،انہوں نے کہا کہ تربت میں ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر کے منصوبے پنجاب کے عوام کی طرف سے بلوچ بہن بھائیوں کے لئے تحفہ ہیں۔
حکومت پنجاب بلوچستان کے شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے متعدد پرا جیکٹ لارہی ہے -بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے -وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔