کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد جمعرات کو پھر تیزی کا رجحان غالب رہا،جس کے نتیجے میں کے ایس ای100انڈیکس37ہزار کی نفسیاتی حد کو عبور کرتے ہوئے 322.41پوائنٹس کے اضافے سے 37001.44پوائنٹس کی سطح پرپہنچ گیا۔
منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری بڑھنے کے باعث 60فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت71ارب59کروڑ42لاکھ روپے بڑھ گئی اور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت 22.59فیصدزائد رہا۔
گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے دوسرے روزٹریڈنگ کا آغازمثبت زون میں ہوا اور ابتداء سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص کی خریداری میں بھرپور دلچسپی نظر آئی جس کے باعث کے ایس ای100انڈیکس37ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی اور کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس322.41پوائنٹس کے اضافے سے 37001.44پوائنٹس پر بند ہوا۔
اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس 163.07پوائنٹس کے اضافے سے16065.52پوائنٹس اورکے ایس ای آل شیئرز انڈیکس322.41پوائنٹس کے اضافے سے 26461.91پوائنٹس پر بند ہوا۔
گزشتہ روز385کمپنیوں کے حصص کاروبار ہوا جن میں سے231کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ142میں کمی اور12میں استحکام رہا۔تیزی کے سبب مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ69کھرب33ارب59کروڑ49لاکھ روپے سے بڑھ کر70کھرب5ارب18کروڑ91لاکھ روپے ہو گیا۔