واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ کی خود مختاری سے متعلق تنازعے میں چین کے خلاف پابندیوں کی منظوری کے قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے واشنگٹن میں صحافیوں کو بتایا کہ اس اقدام کے بعد چین کو خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ میں عوام کے خلاف جابرانہ اقدامات کے لیے جواب دہ ہونا پڑے گا۔
یہ امریکی قانون ایسے لوگوں اور اداروں کے خلاف کارروائی کی وجہ بنے گا، جو ہانگ کانگ کی آزادی ختم کرنا چاہتے ہیں۔
اس قانون کے تحت امریکا میں ان پابندیوں سے متاثرہ افراد کی املاک منجمد کی جا سکیں گی اوران کا امریکا میں داخلہ بھی روکا جا سکے گا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ یوں ہانگ کانگ کے ساتھ ترجیحی اقتصادی سلوک بھی ختم ہو جائے گا۔