اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کی جے آئی ٹی رپورٹ پر اپنے دفاع میں پیپلز پارٹی کا مؤقف بے حد کمزور ہے جبکہ علی زیدی نے پیپلز پارٹی کے خلاف ثبوت پیش کیے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یہ مؤقف کہ وہ تو عزیر بلوچ اور نثار مورائی کو جانتے ہی نہیں، بہت کمزور ہے جبکہ وفاقی وزیرِ بحری امور علی حیدر زیدی نے سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ وزیرِ بحری امور نے نہ صرف سنجیدہ سوالات اٹھائے بلکہ ثبوت کے طور پر جے آئی ٹی رپورٹس بھی پیش کی ہیں جس کے بعد عدلیہ کا فرض بنتا ہے کہ وہ اِس معاملے کا جائزہ لے۔ سیاسی جماعتوں کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا اہم ہے۔
پیپلز پارٹی کا موقف کہ وہ تو عزیر بلوچ اور نثار مورائ کو جانتے ہی نہیں بہت کمزور ہے، @AliHZaidiPTI نے نہ صرف سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں بلکہ ثبوت کے طور پر JIT رپورٹس بھی پیش کی ہیں اب عدلیہ کا فرض ہے کہ اس معاملے کا جائزہ لیں،سیاسی جماعتوں کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کرنا اہم ہے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 8, 2020
قبل ازیں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ علی زیدی کی طرف سے جے آئی ٹی کا جاری کیا جانا انتہائی سنگین الزامات کو جنم دیتا ہے۔ اگر حتمی طور پر علی زیدی کا دعویٰ صحیح نکلا جس کی کوئی وجہ نہیں کہ صحیح نہ نکلے، تو یہ سندھ حکومت کیلئے سنگین ہوگا۔
وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ اگر علی زیدی کا دعویٰ درست ہے تو یہ سندھ کے وزیرِ اعلیٰ، چیف سیکریٹری اور کابینہ اراکین کے خلاف سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر سنگین فوجداری مقدمات کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔
علی زیدی کی طرف سے JIT جاری کیا جانا انتہائ سنگین الزامات کو جنم دیتا ہے، اگر حتمی طور پر علی زیدی کا دعویٰ صحیح نکلا (جو کوئ وجہ نہیں صحیح نہ نکلے)یہ سندہ کے وزیراعلیٰ، چیف سیکرٹری اورکابینہ اراکین کیخلاف سرکاری ریکارڈ میں ردو بدل اور دیگر سنگین فوجداری مقدمات کا پیش خیمہ ہو گا
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 7, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے بارے میں جھوٹ بولا ہے ،ان کے پاس سرکاری دستاویزات نہیں ہیں۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز وفاقی وزراء کی پریس کانفرنس کو وقت کا ضیاع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ جاری کرکے اپنا وعدہ پورا کیا۔
مزید پڑھیں: وفاقی وزیر علی زیدی کی جے آئی ٹی رپورٹ جعلی قرار