نیویارک: اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرے۔
تفصیلات کے مطابق اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں کورونا وائرس کا بہانہ بنا کر جموں و کشمیر میں ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کشمیری عوام کے خلاف جارحیت اور مظالم کو ختم کرنے کی اپیل کرے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب نے کہا کہ سلامتی کونسل کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی غیر قانونی کارروائیوں کی مذمت کرنی چاہئے جبکہ بھارتی اقدامات ہمارے خطے اور اس سے باہر بھی امن و سلامتی پر بری طرح اثر انداز ہو رہے ہیں۔
سلامتی کونسل کے وسیع پیمانے پر ہونے والے علامتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا کے متعدد متنازعہ علاقوں میں تشدد میں کوئی حقیقی کمی واقع نہیں ہوئی بلکہ کچھ ریاستوں نے غیر ملکی و متنازعہ علاقوں پر اپنے غیر قانونی قبضوں کو مستحکم کرنے کیلئے صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھایا ہے۔
مستقل قومی مندوب منیر اکرم نے کہا کہ 10 ماہ سے زائد عرصے سے کشمیریوں کو بھارت کے ہاتھوں شہری آزادی اور انسانی حقوق کی بے بنیاد خلاف ورزیوں اور شدید پابندیوں کا سامنا ہے جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران کشمیر کے ہسپتالوں سے ضروری طبی سامان غائب کرکے کشمیر کو قبرستان بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر میں بھارتی اقدامات اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، منیر اکرم