لاہور: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کو ائیرپورٹس کی قیمتی زمینیں اونے پونے اپنے دوستوں کو نوازنے نہیں دیں گے،پاکستان کے اثاثے قوم کی ملکیت ہیں اور قوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرے گی۔
ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ منافع میں چلنے والے اداروں کو بھی فروخت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کی تباہی ہے،حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں پرعالمی پابندی لگوادی ہے،پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سول ایوی ایشن اور پی آئی اے یونٹیز کے نمائندوں نے اداروں کی صورت حال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایاگیا کہ کورونا وائرس کی وبا کے باوجود سول ایوی ایشن نے 89 ارب روپے کا منافع دیا۔
سول ایوی ایشن اور پی آئی اے یونٹیز کے نمائندوں نے بلاول بھٹو زڑداری کو بتایا کہ حکومت کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ائیرپورٹس کو فروخت کرنا چاہتی ہے۔سول ایوی ایشن یونٹی سیکشن 29 کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت پی آئی اے کو بدنام کیا جارہا ہے تاکہ اسے فروخت کیا جاسکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پاکستان ہماری ماں ہے اور اس کے ادارے دھرتی ماں کے زیورات ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی دھرتی ماں کے زیورات کسی صورت فروخت نہیں ہونے دوں گا۔انہوں نے کہاکہ سیکشن 29 کے خاتمے کے لئے سول ایوی ایشن یونین کے ساتھ ہیں۔
پاکستان کے ائیرپورٹس کو سکیورٹی ادارے بھی استعمال کرتے ہیں۔ ائیرپورٹس کی فروخت ملک میں سکیورٹی کو دا ؤپر لگادے گی، ہم عمران خان کو ائیرپورٹس کی قیمتی زمینیں اونے پونے اپنے دوستوں کو نوازنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ منافع میں چلنے والے اداروں کو بھی فروخت کرنا ظاہر کرتا ہے کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کی تباہی ہے۔وقت آچکا ہے کہ پاکستان بھر کے مزدور اور ورکرز عمران خان کی فاشسٹ حکومت کے خلاف متحد ہوں۔
حکومت نے اپنی نااہلی کی وجہ سے پی آئی اے کی پروازوں پرعالمی پابندی لگوادی ہے۔ پاکستان کے اثاثے قوم کی ملکیت ہیں اور قوم اپنی ملکیت کا تحفظ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کا مقصد صرف اپنے کاروباری دوستوں کے مفادات کا تحفظ ہے۔ یہ بات صاف ظاہر ہوچکی ہے کہ پاکستان اور عمران خان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔