داتا کی نگری لاہور میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو بری طرح متاثر کیا، پھل اور سبزیاں مہنگی ہونے پر گاہک بازار سے غائب ہیں اور تاجر حضرات کاروبار نہ ہونے کی شکایت کرتے نظر آئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمت میں کافی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، آلو کی قیمت میں 10 روپے، ٹماٹر اور لہسن 15 روپے، سبز مرچ 10 روپے، گھیا کدو 8 روپے جبکہ مٹر کی قیمت میں 10 روپے اضافہ دیکھا گیا۔ نئی قیمتیں بالترتیب 68، 45، 155، 30 اور 110 روپے فی کلو ہو گئیں۔
گوشت کی قیمتیں بھی آسمان کو چھونے لگیں۔ مرغی کے گوشت کی قیمت میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 13 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ نئی قیمت 261 روپے پر لاہور کے عوام مرغی خریدنے میں دلچسپی لیتے نظر نہیں آتے۔
سبزیوں کے ساتھ ساتھ پھل بھی مہنگے ہو کر عوام کی پہنچ سے دور ہو گئے۔ آم 150 روپے فی کلو، سیب 250 روپے، کیلا 150 روپے فی درجن، خوبانی 145 روپے اور آڑو 200 روپے فی کلو میں فروخت کیے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل جان بچانے والی اور دیگر ادویات کی قیمتوں میں من مانا اضافہ بدستور جاری رہا اور عوام کو ادویات خریدنے میں معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق شوگر کے مریضوں کیلئے انتہائی ضروری دوا انسولین اور بچوں کیلئے ویکسینز کی مختلف کمپنیوں کی پراڈکٹس کی قیمتوں میں ہوشر با اضافہ ہوچکا ہے۔ہیورکس جو گزشتہ برس1350روپے کی تھی گزشتہ روز 1650روپے کی ہوگئی۔
مزید پڑھیں: ڈرگ مافیا بھی بے لگام، ادویات کی قیمتیں آسمان چھونے لگیں