اسلام آباد:پاکستان کی ٹاپ ٹینس پلیئر سارہ محبوب خان اور ان کے والد ٹینس کوچ محبوب خان کورونا میں مبتلا ہوگئے، ٹینس پلیئر کے والد محبوب خان نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ ہفتے بیٹی سارہ اور میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، جس کے بعد ہم اس وقت مکمل آئسولیشن میں ہیں۔
سارہ محبوب کے والد نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس عالمی وباء کے دوران ہم سب کو احتیاط کرنے کی اشد ضرورت ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا کیسزکی نسبتا ًکم تعداد رپورٹ ہوئی ہے اور نئے 2 ہزار 775 کیسز سامنے آئے ہیں۔
اس موذی وباء کے ہاتھوں مزید 59 افراد لقمہ اجل بن گئے، دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 95ہزار 745 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کل تعداد 3 ہزار 962 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 1 لاکھ 7ہزار 615 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جبکہ 84 ہزار 168 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔