پاکستان کو عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے مجموعی طور پر 1 ارب ڈالر کی رقم وصول ہوئی ہے جبکہ دونوں جانب سے فی ادارہ 50 کروڑ ڈالر وصول ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو تازہ ترین قرض کی صورت میں 2 بین الاقوامی مالیاتی اداروں سے کورونا وائرس کی روک تھام کے پیشِ نظر مجموعی طور پر 1 ارب ڈلر وصول ہوئے۔
مرکزی بینک (اسٹیٹ بینک آف پاکستان) نے گزشتہ روز عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ فی ادارہ رقم وصول کی جس کے حوالے سے اسٹیٹ بینک نے ٹوئٹر پیغام بھی جاری کیا۔
دونوں اداروں سے رقم وصول ہونے پر اسٹیٹ بینک کے غیر ملکی کرنسی ذخائر میں بھی اضافہ ہوگیا، روپے کی قیمت میں 29 پیسے کا اضافہ ہوا اورانٹر بینک میں امریکی ڈالر کی نئی قیمت 167 روپے 36 پیسے ہو گئی۔
دوسری جانب ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بینک) کی طرف سے بھی پاکستان کو 50 کروڑ ڈالر کی مزید رقم ملنے کا امکان ہے۔ پاکستان نے تینوں مالیاتی اداروں کے ساتھ 50 کروڑ ڈالر فی ادارہ کے معاہدے کررکھے ہیں۔
قبل ازیں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھی اپریل کے دوران پاکستان کو 1 اعشاریہ 4 ارب ڈالر قرض دیا تھا جسے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے استعمال کیاجانا تھا۔