کورونا وائرس امریکا سمیت دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ ورلڈ انڈیکس کی جاری کردہ فہرست میں شرحِ اموات کے لحاظ سے امریکا مسلسل پہلے نمبر پر برقرار ہے جہاں 1 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد وائرس کے باعث ہلاک ہوئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عالمی رینکنگ کے ادارے ورلڈ انڈیکس نے کورونا وائرس کے باعث شرحِ اموات کے اعتبار سے دنیا بھر کے مختلف ممالک کی فہرست جاری کی جس میں امریکا 1 لاکھ 22 ہزار 610 اموات کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
امریکا کے بعد اموات کے لحاظ سے برازیل دوسرا بڑا ملک ہے جہاں 51 ہزار 407 افراد لقمۂ اجل بنے جبکہ برطانیہ تیسرے نمبر پر موجود ہے جہاں 42 ہزار 647 افراد ہلاک ہوئے۔ اٹلی 34 ہزار 657 اموات کے ساتھ چوتھے جبکہ فرانس 29 ہزار 663 اموات کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہے۔
چھٹے نمبر پر موجود اسپین میں 28 ہزار 324 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ کورونا وائرس نے میکسیکو میں 22 ہزار 584 افراد کی جان لے لی جو شرحِ اموات کے لحاظ سے ساتویں نمبر پر ہے۔ ہمسایہ ملک بھارت دنیا کا آٹھواں بڑا ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 14 ہزار 15 ہے۔
نویں ملک ایران میں کورونا وائرس کے باعث 9 ہزار 742 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ دسویں نمبر پر موجود بیلجیئم میں 9 ہزار 696 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جرمنی 11واں بڑا ملک ہے جہاں 8 ہزار 969 افراد ہلاک ہوئے جبکہ بارہویں نمبر پر موجود کینیڈا میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہزار 436 ہے۔
https://twitter.com/theworldindex/status/1275273686124302337
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں91لاکھ 87 ہزار افراد متاثر جبکہ 4لاکھ 74ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر91 لاکھ 87 ہزار 861افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے 9 فیصد (4لاکھ74ہزار339) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا وائرس سے 4 لاکھ 74 ہزار افراد ہلاک