اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی حکومت سے علیحدگی کا مسئلہ حل کرنے کے لئے مذاکراتی کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کرلیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر پر مشتمل کمیٹی بی این پی کی قیادت سے گفتگو کے حوالے سے وزیر اعظم کو آگاہ کرے گی۔
وزیر اعظم کو سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور بی این پی کے سربراہ اختر مینگل کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے گا۔
یہاں یہ واضح رہے کہ بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پی ٹی آئی کی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اختر مینگل کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی نے دو سال انتظار کیا ہے لیکن بجٹ میں حکومت کی مکمل حمایت کرنے کے باوجود ان کے مطالبات پر توجہ دینے کی زحمت گوارا نہیں کی گئی۔
مزید پڑھیں:ملک کو آصف زرداری جیسے سیاستدانوں کی ضرورت ہے، اختر مینگل