اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر کے تمام بڑے شہروں میں آج سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ کورونا وائرس کی روک تھام عمل میں لائی جاسکے۔
تفصیلات کے مطابق یہ فیصلہ قومی کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی طرف سے جاری کردہ 20 شہروں کی ایک لسٹ کے بعد سامنے آیا جنہیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کیلئے ہاٹ اسپاٹ قرار دیا گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جاری کردہ فہرست کے مطابق لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں کے کچھ حصے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کیلئے سب سے آسان ہدف بن گئے ہیں جن پر لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
فہرست کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور پشاور کے کچھ مقامات کو سیل کردیا گیا ہے۔ آج رات سے یہ مقامات بند کردئیے جائیں گے کیونکہ ان مقامات پر عوام سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کرتے جس کے باعث یہ کورونا وائرس کی زد پر ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر کے عوام پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اپنائیں، کیونکہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کم کیا جاسکتا ہے۔ وزیر اعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
وزیر اعظم عمران خان نے یہ بات کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
مزید پڑھیں: اسمارٹ لاک ڈاؤن کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، وزیر اعظم