کورونا وائرس دُنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ وائرس سے مختلف ممالک میں اموات کی فہرست جاری کی گئی جس میں بھارت 8ویں نمبر پر آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عالمی رینکنگ کے ادارے ورلڈ انڈیکس نے کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے لحاظ سے دنیا کے 19 ممالک کی فہرست جاری کی جس میں امریکا 1 لاکھ 18 ہزار 283 اموات کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہے۔
کورونا وائرس کے باعث دوسرے نمبر پر سب سے زیادہ اموات برازیل میں ہوئیں جہاں44 ہزار 118 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ برطانیہ میں 41 ہزار 736، اٹلی میں 34 ہزار 371، فرانس میں 29 ہزار 436 ، اسپین میں 27 ہزار 136، میکسیکو میں 17 ہزار 580 جبکہ بھارت میں 9 ہزار 915 افراد ہلاک ہوئے۔
ورلڈ انڈیکس کی جاری کردہ فہرست کے مطابق کورونا وائرس کے باعث برطانیہ میں تیسرے، اٹلی میں چوتھے، فرانس میں پانچویں، اسپین میں چھٹے، میکسیکو میں ساتویں جبکہ بھارت میں آٹھویں نمبر پر سب سے زیادہ اموات ہوئیں جبکہ بیلجیئم 9 ہزار 661 اموات کے ساتھ نویں اور ایران 8 ہزار 950 اموات کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔
https://twitter.com/theworldindex/status/1272735073062866946
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس سے دنیا بھر میں81لاکھ 13ہزار افراد متاثر جبکہ 4لاکھ 39ہزار سے زائد ہلاک ہو گئے۔
دنیا کے 190 سے زائد ممالک میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر81 لاکھ 13ہزار 679افراد متاثر ہوئے جبکہ متاثرہ کیسز میں سے 9 فیصد (4لاکھ39ہزار85) افراد ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں: دُنیا بھر میں کورونا سے 4 لاکھ 39 ہزارافراد ہلاک