اسلام آباد:سائبر کرائم ونگ FIAکی جانب سے اسٹیٹ بینک کا نمائندہ بن کر،آرمی آفیسر بن کر،سادہ لوح لوگوں کو لوٹنے اور جاز کیش فراڈ جیتو پاکستان کے نام پر فراڈ کرنے والے گروہوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاون،کارروائیوں کے نتیجے میں 16ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، واجد ضیا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل احسان صادق نے اسٹیٹ بینک کا نمائندہ بن کر جاز کیش اور جیتو پاکستان کے نام پر فراڈ کرنے والے گروہوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا ٹاسک ڈائریکٹر سائبر کرائم وقار احمد چوہان کو سونپاگیا، جس پر فوری ایکشن لیا گیا۔
ڈائریکٹر وقار احمد چوہان نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم سندھ زون،فیض اللہ کوریجو، ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم، چوہدری عبد الرؤ ف، ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الغفار (سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر کراچی)، ڈپٹی ڈائریکٹر زعیم احمد (کراچی)، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر فیصل آباد، شعیب ہارون، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر، ملتان، جلیل حسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سائبر کرائم رپورٹنگ سنٹر گوجرانوالہ، واصف جواد اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی۔
ٹیم نے ملک کے مختلف شہروں میں دیگر حساس اداروں کی معاونت سے چھاپے مارے اور اِس گھناؤنے دھندے میں ملوث 16 ملزمان گرفتار کر لیے۔یہ ملزمان کبھی اپنے آپ کو اسٹیٹ بینک کا نمائندہ ظاہر کر کے یا آرمی آفیسر بن کر لوگوں سے دھوکے سے اِن کے بینک اکاونٹس کی تفصیلات حاصل کرتے اور پھر غیر قانونی طریقے سے اِن کے اکاونٹس سے رقم نکلواتے تھے۔
اِسی طرح جیتو پاکستان کے نام سے لوگوں کو انعام نکلنے لا لچ دے کر گھیرتے اور پھر جاز کیش سے کیش اوٹ ریٹیلرز کی ملی بھگت سے پیسے نکلوا لیتے تھے۔اِس مکروہ دھندہ میں ملوث لوگ فرنچائز کی مددسے غیر قانونی طریقہ سے سمز نکلواتے اور اِن سموں کو اپنی مجرمانہ سرگرمیوں میں استعمال کرتے تھے۔
اِن ملزمان سے ہزاروں جعلی سمز، متعدد موبائل فونز اور دیگر آلات برآمد ہوئے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اپنے بینک اکاونٹس کی تفصیلات فون کالز پر کسی سے مت شیئرکریں،کسی بھی اسٹیٹ بینک یا کسی اور ادارے کا نمائندہ بن کر کال کرنیوالے کی اطلاع اپنے بینک اور سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے کو دیں۔