اسلام آباد :قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کو نوجوانوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ہیڈ کوچ وچیف سلیکٹر مصباح الحق کو سلیکشن کے حوالے سے اپنی سوچ تبدیل کرنے کی چاہیے۔
دورہ انگلینڈ کیلئے قومی ٹیم کے حوالے سے ایک ویڈیو میں رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ مصباح الحق پرانے چہروں کے بغیر آگے نہیں بڑھنا چاہتے اور بدقسمتی سے ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے کپتان کو وہی سوچ منتقل کردی ہے کہ آپ شعیب ملک اور محمد حفیظ کے بغیر ٹی 20 ورلڈ کپ نہیں جیت سکتے۔
رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ اگر آپ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کے ایونٹ میں پاکستان کے آخری 10 سالوں کے اعدادوشمار پر نظر ڈالیں تو 25 میچوں میں حفیظ اور شعیب ایک بار بھی پچاس رنزنہیں بناسکے۔
حفیظ ایک اچھے آل راؤنڈر تھے لیکن بین الاقوامی میدان میں پہلے جیسا پرفارم نہیں کرسکتے۔ اگر آپ ان کی کارکردگی جانچنا چاہتے ہیں تو آپ 2019 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ان کی اننگز دیکھ سکتے ہیں۔
رمیز راجہ نے کہا کہ ملک اور حفیظ کی فیلڈنگ بھی خراب ہوگئی ہے لیکن کسی طرح مصباح الحق کو یقین ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور میچز تجربے سے جیت سکتے ہیں۔ اگر یہ تجربہ کار کھلاڑی عالمی معیار کے ہوتے تو میں نے مصباح الحق کے ساتھ اتفاق کرتا ۔
انہوں نے کہا کہ شعیب ملک یا محمد حفیظ کی غلطی نہیں ہے یہاں مصباح کواپنی سوچ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
مزید پڑھیں:بابر اعظم اور ویرات کو ہلی کا کوئی موازنہ نہیں، یونس خان نے فرق واضح کردیا