شہرِ قائد میں آج سے ٹھیک 1 ہفتہ قبل ہونے والے طیارہ حادثے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو 10 لاکھ فی کس معاوضہ ملنا شروع ہوگیا۔
قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں 36 افراد کو معاوضے کی ادائیگی مکمل کردی گئی جبکہ باقی مسافروں کے ورثاء کو بھی اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں معاوضے کی ادائیگی کردی جائے گی تاہم 15 شہداء کے خاندان معاوضہ لینے سے انکاری ہیں۔
دوسری جانب انشورنس کے ضمن میں لواحقین فی کس 50 لاکھ روپے حاصل کرسکیں گے جس کیلئے 97 جاں بحق مسافروں میں سے 57 کو انشورنس کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ کے مطابق شہداء کے لواحقین کو معاوضے اور انشورنس کی ادائیگی جلد سے جلد ممکن بنائی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان ائیر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن (پالپا) نے الزام عائد کیا کہ پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کو غلط رُخ دے کر اصل ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کرتے ہوئے حقائق کو چھپایا جارہا ہے۔
ترجمان پاکستان ائیر لائن پائلٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے2 روز قبل جاری بیان میں کہا گیا کہ انجن کے رن وے پر لگنے کی اطلاع پائلٹ کو نہ دیا جانا سوالیہ نشان ہے۔ایمرجنسی لینڈنگ کیلئے لمبا روٹ دینا بھی قابل تفتیش ہے۔جس سے معاملے میں گڑ بڑ واضح نظر آرہی ہے۔
مزید پڑھیں: حادثے کے ذمہ داروں کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔پالپا