لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ثقلین مشتاق کی بطور ہیڈ آف انٹرنیشنل پلیئر ڈویلپمنٹ تقرری کا ا علان کردیا، جبکہ گرانٹ بریڈ برن کی ہیڈ آف ہائی پرفارمنس کوچنگ تقرری کی گئی۔
پی سی بی کی جانب سے یہ تقرریاں، ہائی پرفارمنس سنٹر کی ری اسٹرکچرنگ کا حصہ ہیں، جس کا مقصد نوجوانوں، خواہشمند اسپورٹ اسٹاف اور کھلاڑیوں کو ایک واضح راستہ فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو صحیح معنوں میں اجاگر کرسکیں۔
2 سابق ٹیسٹ کرکٹرز کے علاوہ لمز سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنے والے، عصر ملک کو ہائی پرفارمنس آپریشنزمنیجر مقرر کردیا گیا ہے، وہ کئی ملٹی نیشنل کمپنیز میں کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ اس کے باعث انہیں عہدے کے لئے موضوع سمجھا گیا۔
تینوں تقرریاں، تعیناتی کے ایک مربوط عمل سے گزرنے کے بعد کی گئی ہیں۔ اس میں امیدواروں کی جانب سے تیار کی گئی پرزینٹیشنز اور پھر ایک اعلیٰ سطحی پینل (جس میں کرکٹ کمیٹی کے اراکین بھی شامل تھے) کا ان امیدواروں کا انٹرویو لینا شامل ہے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر ثقلین مشتاق کا انٹرنیشنل کرکٹ کیرئیر 1995 سے 2004 پر محیط ہے۔ ان کی ذمہ داریوں میں کھلاڑیوں کی شناخت، ان کی ڈویلپمنٹ اور تیاری اس انداز میں شامل ہوگی کہ وہ ورلڈ کلاس کرکٹرز بن سکیں اور ملک کا نام روشن کرسکیں۔
ثقلین مشتاق لیول تھری کوچ بھی ہیں۔ ماضی میں وہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی مینز کرکٹ ٹیموں کے ساتھ اسپن باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے کام کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ثقلین مشتاق پاکستان کرکٹ بورڈ، کرکٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ کنسلٹنٹ کی حیثیت سے بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔
دوسری جانب گرانٹ بریڈ برن ستمبر 2018 سے قومی کرکٹ ٹیم کے فیلڈنگ کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھارہے ہیں، وہ اسکاٹ لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ بھی رہ چکے ہیں، دیکھا جائے تو1990 سے 2001 تک 7 ٹیسٹ اور 11 ایک روزہ میچوں میں نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے گرانٹ بریڈ برن اس سے قبل نیوز ی لینڈ مینز اے اور انڈر 19 ٹیموں کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں۔