اسلام آباد:وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہوش کے ناخن لے،اگر بھارت کی جانب سے جارحیت کی گئی تو اس کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف بھارت نے جارحیت کی تو پاکستانی عوام اور افواج تیارہیں،بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی دراندازی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ بھارت کسی بھی غلط فہمی نہ رہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو اشتعال دلانے کی کوشش کررہا ہے،ہم نے صبر کادامن نہیں چھوڑا اور نہ چھوڑیں گے، مگر ہماری خاموشی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔
وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ہم اپنے دفاع کا بھرپورحق رکھتے ہیں، آج پاک فوج نے بھارت کا ڈرون مارگرایا ہے، ہم امن کے راستے کو ترجیح دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کورونائی صورتحال کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت انڈیا کے مسلمانوں پر مظالم ڈھا رہا ہے، عالمی برادری اس کا نوٹس لے۔