کابل: افغانستان میں دہشت گردوں نے غزنی کے علاقے میں خودکش حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق جبکہ 40 زخمی ہو گئے ہیں۔
افغان حکومت کے صوبائی کونسل چیف نے دارالحکومت کابل میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خودکش دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 40 افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے اسپیشل یونٹ پر کیا گیا جس میں دہشت گردوں نے بارود سے بھری ہوئی ایک گاڑی استعمال کی۔ واقعے کے فوراً بعد سیکورٹی اہلکار موقعے پر پہنچ گئے۔
افغان فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش شروع کردی جبکہ حملے میں جاں بحق ہونے والے اور زخمی افراد کی اکثریت فورسز سے تعلق رکھتی ہے۔
صوبائی ہسپتال کے مطابق 5 لاشیں اور 25 زخمی اب تک ہسپتال منتقل ہوئے ہیں جبکہ باقی افراد کی ہسپتال منتقلی کا عمل جاری ہے۔ اب تک افغان طالبان اور داعش سمیت کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مسلح دہشت گردوں نے اسپتال پر حملہ کردیا جس میں دو نوزائیدہ بچوں سمیت 16 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ننگرہارمیں جنازے پر حملے میں 24 افراد ہلاک ہوئے۔
سرکاری عہدیداروں نے 6 روز قبل بتایا کہ کابل میں پولیس کی وردی پہنے تین مسلح افراد اسپتال میں داخل ہوئے اور دستی بم پھینکنے کے بعد فائرنگ شروع کردی جبکہ سیکورٹی فورسز نے سہ پہر تک حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔
مزید پڑھیں: افغانستان میں دہشت گردوں کاحملہ، 40 افراد ہلاک ، درجنوں زخمی