کراچی : لیاقت آباد ٹاؤن میں ایس بی سی اے (سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) کے راشی افسران نے عیدی مہم شروع کردی جبکہ ٹاؤن میں بلڈر مافیا پہلے ہی بے لگام ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر شکیل جمالی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سمیع شیخ اور بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب نے ڈی جی نسیم الغنی سہیتو اور ڈائریکٹر ایڈمن مشتاق سومرو کے نام پر بلڈر مافیا سے عیدی وصول کرنا شروع کردی ہے۔
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے راشی افسران غیر قانونی تعمیرات کرنے والے بلڈر مافیا سے لاکھوں روپے نقد وصول کر رہے ہیں جنہیں عیدی کا نام دیا جارہا ہے جبکہ تینوں بھتہ خور افسران ڈی جی اور ڈائریکٹر ایڈمن کے اہلِ خانہ کیلئے قیمتی تحائف کی فرمائشیں کر رہے ہیں۔
بدعنوان ایس بی سی اے افسران کی سرپرستی میں لیاقت آباد ٹاؤن کے علاقے ناظم آباد، لیاقت آباد بی ایریا اور سی ایریا کے علاقوں کے مختلف بلاکس میں 60 سے 80 گز کے پلاٹس پر 5 سے 8 منزلہ غیر قانونی عمارات تعمیر کی جارہی ہیں جو انسانی جانوں سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
بلڈنگ انسپکٹر اورنگزیب اور شکیل جمالی کے زیرِ سایہ تقریباً درجن بھر پلاٹس پر بلند و بالا اور غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں جہاں کروڑوں روپے بلڈر مافیا سے رشوت کے طور پر وصول کیے جاتے ہیں جنہیں غیر قانونی تعمیرات کیلئے کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔