راولپنڈی میں پولیس گردی جاری ہے جبکہ رشوت خوری عروج پر پہنچ چکی ہے۔ شہر میں ایک غریب مزدور کو رشوت لے کر چھوڑا گیا جس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد اس کے بھائی کو اٹھا لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے شہریوں کے لیے ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے جبکہ لاک ڈاؤن کے دوران شہر میں چوری، ڈکیتی، اغواء برائے تاوان اور زنا بالجبر کی وارداتوں میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے۔ ابراہیم خان نامی مزدور کو گزشتہ روز پولیس اٹھا کر لے گئی۔
شہر کے تھانہ صادق آباد کی پولیس گردی حد سے بڑھ چکی ہے جبکہ ابراہیم خان نامی غریب مزدور کو رات گئے تک تھانے میں رکھا گیا جس کے بعد 10 ہزار روپے رشوت لے کر رہائی دے دی گئی جس پر ابراہیم خان نے اس ظلم کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
ویڈیو وائرل ہونے پر سی پی او راولپنڈی نے ایکشن لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا جس کے لیے ابراہیم خان کے بھائی حاکم خان کو بلوا کر اگلے روز کا وقت دیا گیا۔ متاثرہ شخص گھر واپس آیا تو ایس ایچ او تھانہ صادق آباد نے کہا کہ میں آپ سے ملنا چاہتا ہوں۔
حاکم خان نے کہا کہ ایس ایس پی نیو ٹاؤن کے دفتر میں ملاقات کریں گے جس پر ایس ایچ او صادق آباد طیش میں آ گئے اور گزشتہ رات حاکم خان کو اٹھا کر لے گئے جو تاحال تھانے میں بے قصور بند ہے۔
غریب مزدورابراہیم نے کہا کہ مجھ سے 10 ہزار روپے رشوت لی گئی اور اب میرا بھائی بلا جواز تھانے میں بند ہے۔ میں پنجاب حکومت اور سی پی او راولپنڈی سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمیں انصاف دیا جائے۔