کراچی : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج اتوار کے روز آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ اس سال موضوع خوف یا پسند کے بغیر صحافت ہے۔
آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ایک ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گٹیرس نے کہا ہے کہ حالات سے باخبر رکھنے میں صحافی اور میڈیا کارکن ہماری مدد کرنے کے لئے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت دنیا کورونا کی وباء کا مقابلہ کررہی ہے اور ایسے میں صحافیوں کی خدمات ان کی زندگیوں کو مشکل میں ڈال سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ حکومتیں کورونا کی وباء کے دوران فرائض انجام دینے والے صحافیوں کی ملازمتوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ وباء بیماری کے دوران صحافیوں کی عوام کو حقائق سے باخبر رکھنے کیلئے خدمات لائق تحسین ہیں تاہم کورونا کی وباء پھیلنے کے باعث صحافیوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں بڑی تعداد میں صحافیوں کو بیروزگاری ، پابندیوں اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، ان کا کہنا ہے کہ صحافی آگاہی کے علاوہ مسائل کی نشاندہی کا فریضہ بھی انجام دیتے ہیں ،ان کی ملازمتوں سے برطرفی افسوسناک ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے میڈیا کے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا کہ جوہر شعبے کے حوالے سے حقائق اور تجزیہ فراہم کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ کا حکومتوں پر لاک ڈاؤن کے دوران خواتین کے تحفظ پر زور