راولپنڈی: انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کیلئے امدادی پیکٹس تقسیم کر رہی ہے جبکہ پیکٹس کی تعداد ساڑھے 3 لاکھ ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین کی امداد کیلئے پاک فوج کی تنخواہوں کے عطیات اکٹھے کیے گئے جن سے امدادی سامان کی خریداری کی گئی۔ پاک فوج ملک بھر کے مستحقین کی امداد کر رہی ہے۔
مستحقین کی امداد کے ساتھ ساتھ پاک فوج طبی امداد سمیت متعدد شعبہ جات میں مقامی حکومتوں کی مدد کر رہی ہے جبکہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی پاک فوج ضرورت مندوں کو ریلیف دینے کیلئے مصروفِ عمل ہے۔
کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ مستحق افراد کی تعداد میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔ مڈل کلاس غریب سے غریب تر ہو رہی ہے جبکہ غریب عوام امداد کے منتظر نظر آتے ہیں۔ ایسے میں پاک فوج عوام کی امداد کیلئے میدانِ عمل میں اتری ہے۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے اعلامیے کے مطابق پاک فوج کورونا وائرس کے باعث ہونے والے لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین کو راشن اور اشیائے ضروریہ پر مشتمل تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار امدادی پیکیٹس کی تقسیم میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس کے دوران پی آئی اے کی پروازوں کا سلسلہ جاری رہا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے اعلان کیا کہ پی آئی اے عملے کے پروازوں کے دوران کورونا وائرس کا شکار ہونے پر ملک بھر کے سی ایم ایچ میں علاج کروایا جائے گا۔
آرمی چیف کے گزشتہ روز کے اعلان کے مطابق کمبائنڈ ملٹری ہسپتال پی آئی اے کے عملے کا علاج کریں گے جبکہ سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے پی آئی اے کے عملے کو پروازوں پر پہنچانے کیلئے سی 130 کارگو طیاروں میں نشستیں فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: افواج پاکستان نے پی آئی اے کی مدد کا اعلان کردیا