تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرحسن روحانی نے انسانی معاشرے کیلئے امریکی سامراج کو کورونا وائرس سے کہیں زیادہ خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے جابر حکام نے ہمیشہ سے آزاد و خود مختار قوموں پر دباؤڈالا ہے۔
ایران کے صدر حسن روحانی نے آج وینزویلا کے صدرنکولس میدورو کیساتھ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہا کہ ایران اور وینزویلا نے باہمی تعاون کے فروغ اوریکجہتی سے برسہا برس تک امریکی جارحیت اور وائرس کا مقابلہ کیا۔
صدر حسن روحانی نے کورونا وائرس کے خلاف ایرانی اقدامات اور کامیابیوں ، کورونا وائرس کٹس، ٹیسٹ کی تیاری اور طبی ساز و سامان کی پیدا وار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے وینزویلا جیسے دوست ملک کے ساتھ اپنے تجربات کے تبادلے پر تیار ہیں۔
حسن روحانی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ تعاون ایران اور وینزویلا کے عوام کے بہترین مفاد میں ہے۔ اس موقعے پر وینزویلا کے صدر نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایرانی کوششوں کو سراہتے ہوئے ایرانی حکومت اورعوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
وینزویلا کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک سامراج کیخلاف لڑنے میں ایک دوسرے کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔انہوں نے دونوں ممالک کے وزرائے صحت کے درمیان ویڈیو کانفرنس کے ذریعے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کیلئے ایران کے تجربوں سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
انہوں نے اوپیک اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ تیل کی پیداوار میں کمی اور تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے تعاون ناگزیر ہے اور امریکہ ہر قسم کی کوشش کے باوجود آزاد و خود مختارقوموں کی ترقی و پیشرفت کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔