اسلام آباد: وفاقی و صوبائی حکومتیں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ملک گیر لاک ڈاؤن کے متعلق سر جوڑ کر بیٹھیں گی اور لاک ڈاؤن میں نرمی یا توسیع کا فیصلہ آج کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا جہاں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ وزیرِ اعظم عمران خان کو صوبے میں لاک ڈاؤن میں توسیع پرتجویز دیں گے۔لاک ڈاؤن کے باعث کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شرح میں کمی آئی، تاہم عوام کی نقل و حرکت انتہائی محدود ہے۔
کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے صوبہ سندھ سمیت ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن کے حوالے سے آج دن 11 بجے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ پریس کانفرنس میں میڈیا نمائندگان کو آگاہ کریں گے جبکہ صوبائی وزیرِ اطلاعات ناصر شاہ کے مطابق لاک ڈاؤن میں 7 روز کی توسیع متوقع ہے۔
دوسری جانب سندھ کے صوبائی وزیرِ تعلیم و محنت سعید غنی کے مطابق لاک ڈاؤن قومی سلامتی کا معاملہ ہے جس کے بارے میں فیصلے کے لیے اتفاقِ رائے ضروری ہےتاہم سندھ میں طبی ماہرین اور ڈاکٹرز لاک ڈاؤن میں توسیع کے حق میں نظر آتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ملک بھر میں کورونا وائرس کے 336نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے نتیجے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 ہزار 374ہو گئی ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران7افراد کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ملک بھر میں مجموعی اموات کی تعداد 93ہو گئی۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس کے 336 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 5374 ہو گئی