کراچی: وزیرِ اعلیٰ سندھ سیّد مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مخیّر حضرات راشن کی تقسیم میں لوگوں سے فاصلہ رکھیں کیونکہ اگر راشن کی تقسیم سے کورونا وائرس پھیلا تو اسے جرم سمجھا جائے گا۔
سندھ سیکرٹریٹ سے جاری اپنے خصوصی بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم لاک ڈاؤن کے بعد کام کرنے کیلئے ایس او پی بنا رہے ہیں جبکہ ہر سیکٹر میں لوگوں کو بننے والی ایس او پی کے تحت کام کرنا ہوگا۔
بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اپنے بزرگوں اور بچوں کا خیال رکھیں اور فاصلہ رکھیں، اگر آپ کورونا کے مریض ہیں یا آپ میں کورونا کا شک ہے تو آپ کو سرکاری نمبر سے فون آئیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ عوام سے التجا کرتا ہوں کہ آنے والی فون کالز کے سوالات کے صحیح جوابات دیں۔ سرکار کی طرف سے اگر آپ کو ایک یا زائد مرتبہ کالز آئیں تو آپ بیزاری ظاہر نہ کریں اور مکمل تعاون کریں۔
سیّد مراد علی شاہ نے دعا کی کہ اللہ پاک آپ سب کو اور ہم کو اس موذی وائرس سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب کی صحت ہماری ترجیح ہے۔