کراچی : لاک ڈاؤن سے گھروں میں محصورعوام کے لیے ادارہ فراہمی و نکاسی آب کی نا اہل انتظامیہ کا تحفہ، شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر ابل پڑے۔
دوسری طرف کئی علاقے پانی کی بوند بوند کو ترس گئے، گھروں میں مقید افراد شدید تعفن کا شکار ہو رہے ہیں، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے متعلقہ افسران چین کی بانسری بجانےمیں مشغول جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کا شدید بحران شدت اختیار کرگیا۔
ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان نے کارکردگی بہتر بنانے کے بجائے سیاستدان کا روپ دھار لیا،روزانہ ویڈیو بیان جاری کرکے نوکری پکی کررہے ہیں۔حکومتی احکامات کی پاسداری کا بیان جاری کرنے والے ایم ڈی واٹر بورڈ خود خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔
سندھ حکومت پہلے ہی سرکاری افسران کو میڈیا پر آکر بیانات نہ دینے کا پابند کرچکی ہے۔شہریوں نے سوال کیا ہے کہ ایم ڈی واٹر بورڈ جواب دیں پانی نہیں مل رہا گھروں میں کیسے بیٹھے رہیں، لاک ڈاؤن میں باہر نکلنے والے افراد میں پانی ڈھونڈنے والے شہری بھی شامل ہیں۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن: سندھ حکومت کی کارکردگی کا پول کھل گیا، کراچی میں پانی کی قلت