چین کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد پاکستان کو ٹیسٹ کٹس ،این 95 ماسک، گلوز اور وینٹی لیٹر زدیگر سامان کے چار بیچ روانہ کر چکا ہے ۔چین کی طرف سے پاکستان کو جو سامان بھیجا گیا ہے اس میں ایک لاکھ 5ہزار ٹیسٹ کٹس‘77ہزار میڈیکل کور‘10ہزار حفاظتی لباس‘217وینٹی لیٹرز‘ ادویات اور 50ہزار حفاظتی دستانے شامل ہیں اورکورونا وائرس کے لیے الگ اسپتال بنانے کے لیے بھی چینی حکومت نے 40 لاکھ ڈالردیئے ہیں۔
چین میں کورونا وائرس کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کرنے والے 2سوکے قریب ڈاکٹرز اور طبی عملہ اسلام آباد پہنچ چکا ہے اور پاکستان میں کورونا وائرس پر قابو پانے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینے کے علاہ حکومت کی مدد اور رہنمائی بھی کررہا ہے اور گزشتہ تین روز سے چین سے طبی سامان کی پاکستان کو فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لینے والا ناول کورونا وائرس دسمبر 2019میں چین کے صوبہ ووہان میں سب سے پہلی بار سامنے آیا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ہزاروں افراد کو اپنا نشانہ بنایا اور ہزاروں افراد کی جان لی اور آج دنیا اس موذی مرض کی وجہ سے پریشان ہے تاہم چین وہ پہلا ملک ہے جس نے کورونا وائرس پر قابو پالیا ہے اور اب دیگر ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مدد فراہم کررہا ہے۔
چین نے امدادی سامان کی فراہمی کے پہلے مرحلے میں کورونا وائرس کی 50ہزار کٹس ،5 لاکھ این 95 ماسک اورطبی سازو سامان 25 مارچ کو پاکستان کے سپرد کیاگیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یہ سامان وصول کیاجبکہ سندھ کو ملنے والے سامان کی دوسری کھیپ گورنر عمران اسماعیل نے وصول کی تھی۔ سامان میں 56ہزارٹیسٹنگ کٹس، این 95 ماسک کے علاوہ دیگر ضروری سامان شامل ہے ۔
چین کی جانب سے گلگت بلتستان کی عوام کیلئے پاک چین بارڈر خنجراب پر طبی امدادی سامان 27مارچ کو حوالے کیا گیا جس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے علاج میں مدد دینے والی ادویات اور آلات بھی شامل ہیں، گلگت بلتستان کو دیئے جانے والے سامان میں 20 ہزار ٹیسٹنگ کٹ، 5 ونٹیلیٹر، 2 لاکھ سرجیکل ماسک اور2 ہزار این 95 ماسک شامل ہیں،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حفیظ الرحمن نے خنجراب بارڈر پر امدادی سامان وصول کیا۔
آج چین کی جانب سے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے آج ہزاروں کٹس ، لاکھوں ماسک اور ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم پاکستان پہنچ رہی ہے ۔کورونا ماہرین پر مشتمل چینی ڈاکٹروں کی 8رکنی ٹیم دو ہفتے پاکستان میں گزارے گی اور چینی ڈاکٹرز پاکستانی طبی ماہرین کواپنے تجربات کی روشنی میں کورونا سے نمٹنے کیلئے مشورے دیں گے۔
پاکستان اور چین کی دوستی سمندر سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے اور چین اور پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ رہے ہیں، کوئی بھی قدرتی آفت ہویا بحران چین ہمیشہ پاکستان کی مدد کیلئے سب سے پہلے آگے آیا اور یہ ہی وجہ ہے کہ پاکستان نے کورونا کی وبا پھیلنے کے بعد چین میں موجود پاکستانیوں کو واپس لانے کی بجائے چین کا ساتھ دینے کو ترجیح دی اور آج جب چین مشکل وقت سے نکل چکا ہے تو اس نے سب سے پہلے پاکستان کو کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ناصرف سامان بلکہ ماہرڈاکٹرزاورطبی عملہ بھی فراہم کرکے دوطرفہ دوستی کو مزید مستحکم کردیا ہے۔
چین نے کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد ملک میں ہنگامی اقدامات کرکے وبا پر قابو پالیا ہے اور اب اپنے دیرینہ دوست پاکستان کو مشکل وقت سے نکالنے کیلئے کوشاں ہے جس سے امید ہے کہ پاکستان بھی چین کی مدد سے جلد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیگا۔