کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ کا آج رات 12 بجے سے صوبے میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا‘ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ چائنا میں مختصر وقت میں ہی کیسز کی تعداد1لاکھ تک پہنچ گئی تھی اور ابھی دنیا بھر میں مجموعی طور پر 3لاکھ سے زائد لوگ اس وباء کا شکار ہوچکے ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ‘تمام دوستوں سے، علمائے کرام سے ‘سیاسی لوگوں حضرات سے اور انتظامیہ سے مشاورت کی ہے اور فیصلہ کیا ہے کہ اس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کیا جائے۔
لاک ڈاؤن کا فیصلہ آج رات 12 بجے سے 15 روز کے لیے کیا گیا ہے اور اس دوران کسی کو غیر ضروری گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
لاک ڈاؤن کے دوران سارے دفاتر، اجتماع گاہیں بند ہوں گی۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کوکہا جائے گا کہ اگر کوئی خاص ضرورت سے باہر نکلے تو اس کو اجازت دی جائے۔
کوئی شخص کسی کام سے نکلے گا تو اپنے ساتھ شناختی کارڈ رکھ ضرور رکھے گا‘ اگر کوئی بیمار ہے اور اسے اسپتال جا نا ہے تو اسے اسپتال منتقل کرنے کی اجازت ہوگی۔
ایک گاڑی میں ایک ڈرائیور اور ایک شخص کو جانے کی اجازت دی جائے گی‘ضروری چیزیں جیسے کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی معطل نہیں ہوگی لیکن احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کرنا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ ‘جب ہم سختی کریں گے تو مسائل پیدا ہوں گے، اگر عوام نے ساتھ نہیں دیا تو ہماری پوری محنت رائیگاں جائے گی، اس میں سب کی بہتری ہے کہ گھر سے نہ نکلیں۔
اگر کسی میں مذکورہ وائرس کی علامت سامنے آئے اور اس نے بیرون ملک کا سفر نہیں کیا تو وہ انتظار کرے وہ ٹھیک ہوجائے گا تاہم اگر طبیعت زیادہ خراب ہے تو ہماری ٹیم سے رابطہ کرے اس سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔