کورونا وائرس سے بچاؤ کے پیش نظر پی ایچ اے راولپنڈی کی جانب سے جشن بہاراں میلہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب و چیئرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے اور آفس میں احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر راولپنڈی کے رواں ماہ ہونے والے جشن بہاراں کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
جشن بہاراں میں بچوں کے لیے پلے ایریا ز، سرکس اور دیگر کھیل کود کی تمام سہولیات مہیا کی جانی تھی اس کے علاوہ پھولوں کی نمائش، فوڈ سٹریٹ، صوفی نائٹ، غزل نائٹ فوک گلوکاری کے مقابلے بھی شیڈول کا حصہ تھے۔
بہار کے جشن کیلئے مختلف ثقافتوں کی نمائش، فلوٹس، مینا بازار اور دیگر تفریحی پروگرامز تشکیل دیے گئے تھے جو منسوخ کر دیے گئے ۔جشن بہاراں میلہ رواں ماہ 20مارچ سےراولپنڈی کے علامہ اقبال پارک میں شروع ہونا تھا۔
چیئرمین پی ایچ اے راولپنڈی آصف محمود نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پاتے ہی راولپنڈی کی رونقیں دوبارہ بحال ہو جائیں گی اور جشن بہاراں میلہ کا انعقاد کیا جائے گا۔