کراچی: جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے حکومت سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام تک پہنچانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تیل کی عالمی منڈیوں میں خام کروڈ آئل کی قیمت میں زبردست کمی اور فی بیرل صرف 35ڈالر تک پہنچنے کے باوجود پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اسی حساب سے کم نہ کرنا تشویش ناک ہے۔
موجودہ حکومت مکمل طور پر عوام دشمن ثابت ہوچکی ہے، عالمی منڈی میں جب خام تیل کی فی بیرل قیمت 60ڈالر تھی تب پاکستان میں پیٹرول 80روپے فی لٹر تھا جبکہ اس وقت 35ڈالر فی بیرل ہونے کے باوجود ملک میں پیٹرول 115روپے فی لٹر فروخت ہورہا ہے جوکہ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔
انہوں نے آج ایک بیان میں مزید کہا کہ آٹے،چینی،بجلی،گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کے بعد پہلے ہی عوام کی کمر ٹوٹ چکی ہے اس وقت جب قدرت نے حکومت کو عوام کو ریلیف دینے کا ایک بہترین موقع فراہم کیا ہے تو پھر بھی آئی ایم ایف کی فرمائش پر منتخب کردہ معاشی ٹیم تیل کی قیمت میں بڑے پیمانے پر کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کی بجائے تمام تر فائدہ حکومت کو پہنچانے اور قرضوں کی ادائیگی کیلئے مختص کرنا عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم لیوی کی آڑمیں اربوں روپے اضافی لوٹنے کی تحقیقات ہونی چاہیے، شہباز شریف